Oct ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۵ Asia/Tehran
  • ائیر ڈیفنس سستم باور 373 کے 300کلومیٹر رینج تک مار کرنے کے ابتدائی تجربات مکمل
    ائیر ڈیفنس سستم باور 373 کے 300کلومیٹر رینج تک مار کرنے کے ابتدائی تجربات مکمل

ایرانی فوج کے ائیر ڈیفنس فورس کے کمانڈر نے 300 کلومیٹر تک مار کرنے والے ملکی ساختہ ائیرڈیفنس سستم باور373 کے ابتدائی ٹیسٹ مکمل ہونے کی خبردی ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج کے ائیرڈیفنس فورس کے کمانڈر علی رضا صباحی فرد نے دفاع مقدس کے دوران سائنس اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں میں ہمیں ہتھیاروں اور دفاعی نظاموں کی کمی کا سامنا تھا اور ہم دفاع مقدس کے دوران کے آلات اور سسٹم کے ساتھ اپنی فوجی مشقیں کرتے تھے لیکن آج ہم ملکی طور پر ساختہ دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی سے تیار کردہ آلات اور ہتھیاروں سے مشقیں انجام دے رہے ہیں اور ہمارے دشمن یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہم اس علاقے میں مانی ہوئی ائیرڈیفنس طاقت ہیں۔

کمانڈر صباحی فرد نے کہا کہ آج ائیرڈیفنس فورس  جدیدترین راڈاروں، جامنگ آلات، انٹیلی جنس، خفیہ اطلاعات تک رسائی اور دشمن کو ہدف بنانے کے جدید ترین نظاموں اور آلات سے مسلح ہے۔

ایرانی ائیرڈیفنس فورس کے کمانڈر نے مزید بتایا کہ خطرات کی نوعیت کے اعتبار سے ہم اپنے دفاعی آلات کو اپ گریڈ کرتے رہتے ہیں۔ آج ہم نے ملک کے اندر مختلف سطحوں کا ڈیفنس سسٹم ایجاد کیا ہے۔ ملکی ساختہ باور373 کے نظام کو 200 کلومیٹر کی رینج تک ٹیسٹ کیا جاچکا ہے اور اسی طرح اس نظام کو 300 کلومیٹر رینج تک جانچنے کے ابتدائی ٹیسٹ بھی مکمل کئے جاچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے  پاس ملکی طورپر ساختہ وہ راڈار کا نیٹ ورک ہے جس کے ذریعے ہم ہزاروں کلومیٹرکی رینج تک دشمن کی حرکات وسکنات کا مشاہدہ کرسکتے ہیں اور اس بات پر قادر ہیں کہ دشمن کے  گھر اوراس کی فوجی چھاؤنیوں کے اندر اس  کی حرکات پر نظر رکھ سکیں۔

ٹیگس