Oct ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  • امریکہ کو معاہدے کی جلدی ہے لیکن کوئی بھی رعایت نہیں دیں گے:ایرانی وزیر خارجہ

امریکیوں نے تین روز قبل ایک پیغام بھیج کر ایران سے فوری معاہدے کی درخواست کی ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے تین دن پہلے ایک پیغام بھیج کر ایران سے فوری معاہدے کی درخواست کی ہے۔ اس بات کا اعلان ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹرحسین امیرعبداللہیان نے ایروان میں آرمینیا کے وزیر اعظم نیکولا پاشینیان سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تین روز قبل امریکیوں کی جانب سے فوری معاہدے پر مبنی ایک پیغام موصول ہوا جس کے جواب میں تہران نے واضح کردیا کہ جب تک ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی جانب سے عائد شدہ الزامات کا معاملہ حل نہیں ہوجاتا، اس وقت تک ایران کسی بھی معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے امریکیوں کے رویے اور بیانات میں تضاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایک جانب تہران کے لئے پیغام کا سلسلہ جاری رکھا ہے تو دوسری جانب ایران کے اندرونی مسائل میں مداخلت کرتا ہے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ امریکہ سیاسی اور نفسیاتی دباؤ ڈال کر ایٹمی مذاکرات میں ایران سے رعا‏ئتیں لینا چاہتا ہے۔

حسین امیرعبداللہیان نے زور دے کر کہا کہ تہران منطق اور معاہدے کے اصولوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی ریڈلائنوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات کی میز سے ہٹے گا نہ امریکہ کو کسی بھی قسم کی رعایت دے گا۔

ٹیگس