چار نومبر کی تاریخ امریکا کے مغلوب ہونے کا دن ، رہبرانقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ چار نومبر کی تاریخ امریکا کے شکست کھانے اور مغلوب ہونے کی تاریخ ہے جب امریکا کو کاری ضرب لگی تھی۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن اور یوم طلبا یعنی چار نومبر کی تاریخ کی آمد کی مناسبت سے اسکولی طلبا کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ چار نومبر کا دن ایک تاریخی دن ہے، یہ ایک تاریخ بھی بن گیا اور تجربہ آموز دن بھی ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایاکہ چار نومبر یا تیرہ آبان کی تاریخ ایسی تاریخ ہے جب الگ الگ برسوں میں اسی دن اہم واقعات پیش آئے، جو تاریخ میں محفوظ ہوگئے۔ آپ نے فرمایا کہ یہ واقعات ناقابل فراموش ہیں اور فراموش ہونے بھی نہیں چاہئیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ امریکا ایک ناقابل تسخیر طاقت ہے اگرچار نومبر کے واقعات پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوجائے گا کہ امریکا کو مغلوب کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ چار نومبر انیس سو اٹھہتر کو ظالم شاہی حکومت کے گماشتوں نے ان اسکولی طلبا پر حملہ کردیا تھا جو امریکا کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے اس واقعے میں درجنوں اسکولی طلبا خاک و خون میں غلطاں ہوگئے تھے، جبکہ چار نومبر انیس سو اناسی کو ایران کے انقلابی طلبا نے تہران میں امریکی سفارتخانے پر جو جاسوسی کا اڈہ بن گیا تھا، قبضہ کرلیا تھا۔