ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف کی پاکستانی آرمی چیف سے گفتگو
ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے پاکستان میں نئے چیف آف آرمی سید عاصم منیر کو انکے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دفاعی و سکیورٹی تعاون کے مزید فروغ پر زور دیا۔
سحر نیوز/ایران: میجر جنرل باقری نے منگل کے روز پاکستان کے نو منتخب آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں یہ عہدہ ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی اور دفاعی تعاون کے تسلسل اور مزید فروغ پر زور دیا۔
جنرل باقری نے سکیورٹی اور دفاعی شعبے میں روز افزوں تعلقات و تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپسی روابط اور تعاون میں استحکام مشترکہ سرحدوں کی سکیورٹی میں بڑا مؤثر ہے اور یہ مشترکہ تعاون کا سلسلہ روز بروز بڑھانے اور مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
دونوں ممالک کے فوجی کمانڈروں نے ماضی میں سکیورٹی اور دہشتگردی سے مقابلے کے میدان میں جاری مطلوبہ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے مستقبل میں سرحدی علاقوں کے لئے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے کر مشترکہ سرحد کو ایک برادرانہ اور دوستانہ سرحد میں تبدیل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
رپورٹ کے مطابق میجر جنرل باقری نے پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو تہران کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس کے جواب میں پاکستان کے آرمی چیف نے بھی ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان کے نو منتخب آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات اور گفتگو کی تھی جس میں علاقائی اور عالمی اداروں میں اور خاص طور سے انسانی حقوق اور پرامن ایٹمی پروگراموں کے بارے میں ایران کے مواقف کی حمایت کرتے ہوئے ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں پر مخالفت کا اظہار کیا تھا۔