یورپ و امریکہ کی نظر میں صیہونی حکومت کے جرائم قابل حمایت ہیں، ایران
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یورپ و امریکہ کی نظر میں صیہونی حکومت کے جرائم نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی شمار نہیں ہوتے بلکہ قابل حمایت بھی سمجھے جاتے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یورپ و امریکہ فلسطینی عورتوں اور بچوں تک کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ ترین جرائم کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں سمجھتے۔
انھوں نے ایک فلسطینی عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ سن دو ہزار بائیس میں غاصب صیہونی حکومت نے دو سو بیس فلسطینیوں کا قتل عام کیا، نو ہزار فلسطینیون کو زخمی کیا، ساڑھے چھے ہزار کو گرفتار کیا، فلسطینیوں کی آٹھ سو بتیس عمارتوں کو تباہ کیا اور تیرہ ہزار زیتون کے درخت اکھاڑ پھینکے مگر یورپ و امریکہ نے اس کے ان جرائم سے چشم پوشی کی۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے، صیہونی فوج اور مسلح آباد کاروں کی جانب سے بڑھتی جارحیت اور فلسطینی خواتین اور بچوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں، اپنی جوابی اور انتقامی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔