Jan ۰۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • ایران؛ فرانسیسی سفیر جوابدہی کے لئے محکمۂ خارجہ میں طلب

اعلیٰ حکام، مقدسات اور مذہبی اور قومی اقدار کی توہین کرنے والے فرانسیسی میگزین کے اشتعال انگیز اقدام کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات فرانسیسی سفیر "نیکلاس رش" کو محکمۂ خارجہ میں طلب کیا گیا۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اس موقع پر ایران کے شدید احتجاج سے فرانسیسی حکام  کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے اسلامی، مذہبی اور قومی مقدسات اور اقدار کی توہین کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کرتا اور فرانس کو آزادی اظہار کے بہانے سے دوسرے مسلم ممالک اور اقوام کے مقدسات کی توہین کا جواز فراہم کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ماضی میں پیغمبر اسلام (ص) کے مقدس مقام، قرآن کریم اور دین اسلام پر حملہ کرنے سے متعلق اس فرانسیسی میگزین کے سیاہ کارنامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ، ایران فرانس کی حکومت کو اس نفرت انگیز، توہین آمیز اور بلا جواز اقدام کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس اقدام کا مناسب جواب دینے کو اپنا حق سمجھتا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں فرانسیسی سفیر کو سرکاری احتجاجی نوٹ تھمایا اور اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فرانسیسی میگزین کے ناقابل قبول رویے کی مذمت میں فرانسیسی حکومت کی وضاحت اور معذرت خواہی کا منتظر ہے۔

دراین اثنا فرانسیسی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ایران کے نظریات اور احتجاجی نوٹ کو اپنے ملک کے حکام تک پنچہادیں گے۔

واضح رہے کہ بدنام زمانہ فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو نے حال ہی میں اشتعال انگیزی کرتے ہوئے ایران میں بلوا کرنے والوں کی حمایت کے تناظر میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کا انعقاد کیا تھا اور پھر ایران کی ماہیت و حقیقت سے نابلد دشمن عناصر کی جانب سے ارسال شدہ توہین آمیز خاکوں کو ایران کے اعلیٰ حکام کی سبکی کے مقصد سے اپنے صفحات پر جگہ دی تھی۔

 

ٹیگس