Nov ۰۹, ۲۰۲۵ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • برطانیہ میں مسلمانوں کے تئيں نفرت میں ملک گیر اضافہ: ایک رپورٹ

برٹش مسلم ٹرسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں مسلمانوں کے تئیں نفرت میں ملک گیر اضافہ ہوا ہے اور مساجد پر حملے بھی بڑھ گئے ہیں۔

 سحرنیوز/دنیا: برٹش مسلم ٹرسٹ کی رپورٹ کے مطابق  برطانیہ میں اگست سے اکتوبر کے درمیان مسلمانوں کے تئیں نفرت میں ملک گیر اضافہ ہوا ہے اور اس عرصے میں ملک کے 23 مقامات پر 25 مساجد کو نشانہ بنايا گیا ہے، ان میں 11 فیصد واقعات میں گرافٹی یا نفرت انگیز علامتیں استعمال کی گئیں تھیں۔ رپورٹ میں تقریباً 33 فی صد حملوں کو پرتشدد یا تباہ کن قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مسلم مخالف دشمنی تیزی سے منظم اور علامتی شکل اختیار کر رہی ہے۔ برطانیہ میں سرگرم، برٹش مسلم ٹرسٹ (بی ایم ٹی) نے جولائی کے آخر سے اکتوبر کے اختتام تک 27 تصدیق شدہ واقعات کو دستاویزی شکل دی۔ سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ میں مساجد پر حملوں کے زیادہ واقعات نہیں ہوئے تھے۔ ان میں آگ لگانے کی کوششیں، اشیا پھینکنے کے حملے اور بار بار توڑ پھوڑ کے واقعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے معاملات بھی ہیں جہاں خوف پھیلانے کے ارادے سے مساجد کی املاک پر قومی پرچم اور مذہبی علامتیں لگائی گئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان واقعات میں استعمال ہونے والی علامتیں بعد میں مساجد کو ڈرانے والے واقعات میں بھی نمودار ہوئیں۔

 

ٹیگس