ایران شام کے عوام کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا: صدر رئیسی
ایران کے صدر نے اپنے شامی ہم منصب کو امداد کا سلسلہ جاری رہنے کا یقین دلایا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: صدر سید ابراہیم رئیسی نے شام کے صدر بشار اسد کو زلزلے کے نتیجے میں پیش آنے والی تباہی کی تعزیت پیش کی اور شامی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اسٹریٹیجک تعلقات اور انسانی اصولوں کے پیش نظر ایران شام کے عوام کو درپیش مسائل کو کم کرنے کے لئے ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گا اور شام کی حکومت کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر شام کے صدر بشار اسد نے بھی امدادی سامان کی فوری ترسیل اور امدادی کارروائی میں تعاون کے لئے ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
صدر رئیسی نے اس سے پہلے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ٹیلی فونی گفتگو میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصانات تعزیت پیش کی اور مصیبت کی اس گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کی آمادگی کا اعلان کیا ۔