Feb ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • ایران اور چین کے صدور کے مذاکرات

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی باضابطہ دعوت پر مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے جہاں چینی کانگریس میں چین کے صدر نے ایران کے صدر کا سرکاری طور پر پرتپاک استقبال کیا

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی باضابطہ دعوت پر منگل کی صبح بیجنگ پہنچے جہاں بیجنگ ایرپورٹ پر چین کے وزیر ثقافت و سیاحت اور دیگر اعلی چینی عہدیداروں اور چین میں ایرانی سفیر نے ان کا خیر مقدم کیا۔ بعدازاں ایران کے صدر کا چین کے صدر شن جی پنگ نے چینی کانگریس کی عمارت میں سرکاری طور پر استقبال کیا اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور ایران کے صدر کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔
استقبالیہ کی تقریب کے بعد ایران اور چین کے صدور نے اعلی سطحی اجلاس کی قیادت کرتے ہوئے مذاکرات انجام دیئے ۔
گذشتہ بیس برس کے بعد ایران کے کسی بھی صدر کا یہ پہلا سرکاری دورہ چین ہے صدر سید ابراہیم رئیسی، نئے چینی سال میں چینی صدر کے پہلے اعلی رتبہ مہمان ہوں گے ۔
 ایران اور چین کے صدور کی موجودگی میں مختلف شعبوں میں تعاون کے بیس معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے۔ اس دورے میں اسی طرح چین کے اعلی حکام منجملہ چینی وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے سربراہ، صدر ایران سے ملاقات کریں گے۔ 
اس دورے میں بیجنگ میں ایران و چین کے اعلی حکام کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے تاجروں کی نشست بھی منعقد ہوئی۔
یہ مشترکہ نشست پیر کی رات منعقد ہوئی۔ اس مشترکہ نشست میں ایران کے وزیر صنعت و معدنیات و تجارت، سید رضا فاطمی امین نے کہا کہ ایران کے صدر کا دورہ چین دونوں ملکوں کے اقتصادی و تجارتی تعلقات و تعاون میں اہم تبدیلیوں کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران نے گذشتہ ایک سال کے دوران بین الاقوامی سطح پر ایک مستحکم قدم اٹھایا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ شانگھائی تعاون تنظیم اور یوریشیا جیسی علاقائی و اقتصادی تنظیموں میں ایران کی رکنیت نے دیگر ملکوں کے ساتھ ایران کے تعاون کو بین الاقوامی سطح پر مستحکم بنایا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے اقتصادی امور کے سیکریٹری مہدی صفری نے بھی اس مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ 
انھوں نے کہا کہ ایران کے صدر کا دورہ چین دوطرفہ تجارتی تعاون کے عمل میں تیزی آنے کا باعث بن سکتا ہے۔ 
دوسری جانب ایران کے صدر کے پہلے دورہ چین کے موقع پر بیجنگ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے موجودہ صدور کے دور میں دو طرفہ تعلقات تیزی سے بڑھے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ونبین نے ایک پریس کانفرنس میں ایران کے صدر کے دورہ چین کے بارے میں کہا کہ ایران و چین کے درمیان روائتی اور دیرینہ دوستی قائم ہے اور تعلقات و تعاون کی تقویت فریقین کے عزم و ارادے کی غمازی کرتی ہے ۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے صدور کی حکومتوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات بہت تیزی سے مضبوط ہوئے ہیں اور دو طرفہ مستحکم باہمی اعتماد مختلف شعبوں میں اور علاقائی وعالمی سطح پر عملی تعاون میں پائیدار پیشرفت کا باعث بنا ہے۔ 

ٹیگس