Feb ۲۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  •  سید ثاقب اکبر کے انتقال پر عالمی اسمبلی برائے تقریب مذاہب اسلامی کی تعزیت

عالمی اسمبلی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور البصیرہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے صدر سید ثاقب اکبر کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔

عالمی اسمبلی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سیکریٹری جنرل حمید شہریاری نے اپنے تعزیتی پیغام میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور البصیرہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے صدر  سید ثاقب اکبر کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا اور پاکستان میں اسلامی وحدت کے لیے سرگرم اس بے مثال شخصیت کے فقدان پر تعزیت پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور البصیرہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ سید ثاقب اکبر کے انتقال کی خبر انتہائی افسوس اور پر ملال تھی۔ مرحوم پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں کی بااثر اور مشہور شخصیات میں سے ایک تھے، انہوں نے اسلامی اتحاد اور تقریب مذاہب، دینی علوم اور شعر و ادب کے شعبے میں نمایاں علمی و تحقیقی خدمات انجام دیں اور بہت سے گرانقدر کام یادگار کے بطور چھوڑے ہیں۔

حمید شہریاری نے مزید کہا کہ مرحوم سید ثاقب اکبر نے اپنی انتھک محنت سے پاکستان کے عوام کو موجودہ دور کی عظیم اور بااثر شخصیات خاص کر علامہ اقبال، امام خمینی (رح) اور شہید مرتضیٰ مطہری کے افکار و نظریات سے آشنا کرانے  میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اللہ تعالیٰ سےمرحوم کے لئے بلندی درجات، اپنے جوار رحمت میں جگہ دے کر پیغمبر اکرم (ص) اور ان کے اہل بیت طاہرین (ع) کی ہم نشینی اور ان کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

یہ بھی بڑھیئے: بصیرت و آگہی کے پیکر تھے مرحوم ثاقب اکبر

ٹیگس