Mar ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کا مشترکہ بیان

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی اے ای اے ایران کی ایٹمی تنصیبات کی نگرانی میں اپنے دائرہ اختیار نیز ایران کے حقوق اور ذمہ داریوں کا پورا پورا خیال رکھے گی۔

سحر نیوز/ایران: ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی کے دو روزہ دورہ تہران اور اعلی ایرانی عہدیداروں سے مذاکرات کے بعد فریقین نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان تعاون سیف گارڈ معاہدے کے مطابق انجام پائے گا اور اس میں عالمی ایجنسی کے دائرہ کار نیز ایران کے حقوق اور ذمہ داریوں کا پورا پورا خیال رکھا جائے۔

بیان کے مطابق ایران نے تین ایٹمی سائٹوں کے بارے میں باقی ماندہ سیف گارڈ مسائل کے حل کے لیے ایجنسی کو مزید دسترسی فراہم کرنے کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔بیان میں آیا ہے کہ ایران رضاکارانہ طور پر آئی اے ای اے کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو وہ فیکٹ فائنڈنگ اور نگرانی کی سرگرمیوں میں اضافہ بھی کرسکتی ہے۔ البتہ اس کا طریقہ کار دونوں فریق ایک فنی نوعیت کے اجلاس میں طے کریں گے جو عنقریب تہران میں ہوگا۔ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان بہروز کمالوندی نے بھی یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ فریقین کے درمیان مکمل اتفاق رائے کی بنیاد پر ہی ایٹمی تنصیبات کی نگرانی میں اضافے کی حد مقرر کی جائے گی۔ 

بہروز کمالوندی نے ایران اور آئی اے ای کے درمیان مذاکرات میں ایسے کسی بھی ایجنڈے کو مسترد کردیا جس میں بعض افراد کو انفرادی طور پر ایٹمی تنصیبات تک رسائی دینے کی بات کی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان پچھلے دو روز کے دوران ہونے والے مذاکرات میں ایسی کوئی تجویز سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی اس بارے میں کوئی دستاویز لکھی گئی ہے۔

 ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے واضح کیا کہ اگر ایسی کوئی تجویز یا درخواست پیش بھی کی جاتی تو بھی ایران اسے ہرگز قبول نہیں کرتا۔

قابل ذکر ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر رافائل گروسی ایک وفد کے ہمراہ جمعے کو تہران پہنچے تھے اور انہوں نے ایران میں اپنے دو روزہ قیام کے دوران محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی سے ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔رافائل گروسی نے بعد ازاں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان اور صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات اور بات چیت کی۔ 

ٹیگس