ایران کے خلاف کوئی قرارداد پیش نہیں کی جائے گی: آئی اے ای اے میں روسی نمائندے
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) میں روس کے نمائندے نے کہا ہے کہ گورننگ کونسل کے سہ ماہی اجلاس میں ایران کے خلاف میں کوئی قرارداد پیش نہیں کی جائے گی۔
سحر نیوز/دنیا: بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) میں روس کے نمائندے میخائیل اولیانوف نے ایران پریس کے نامہ نگار کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر رافائل گروسی کے کامیاب دورۂ تہران کی وجہ سے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایران کے خلاف قرارداد پیش نہیں کی جائے گی۔
روس کے نمائندے نے کہا کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کا دورۂ تہران کامیاب رہا اور ایران کے خلاف قرارداد جاری کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
میخائل اولیانف نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بات چیت تھوڑی گرم ہو سکتی ہے لیکن اس بار کوئی عملی اقدام نہیں کیا جائے گا۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے حال ہی میں تہران کا دورہ کیا اور ایران کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتوں اور بات چیت کے بعد تکنیکی تعاون کے حوالے سے ایک اتفاق رائے پر پہنچ گئے۔
خیال رہے کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کا سہ ماہی اجلاس پیر کو ویانا میں شروع ہوا ہے جو پانچ روز تک جاری رہے گا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے فریم ورک میں جوہری سلامتی، ایران کی جوہری سرگرمیوں کی تصدیق اور نگرانی، شام میں حفاظتی معاہدے پر عمل درآمد، یوکرین میں جوہری تحفظ، بورڈ آف گورنرز کے پانچ روزہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔