ہندوستان علاقائی سطح پر ایران کے ساتھ ہمہ جہتی تعاون کے لئے آمادہ
ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوبھال نے ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے تہران کے ساتھ علاقائی سطح پر ہمہ جہتی تعاون کے لئے نئی دہلی کی آمادگی کا اعلان کیا۔
سحر نیوز/ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوبھال نے پیر کی شام ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی سے رابطہ کیا۔
انہوں نے اس گفتگو میں تعلقات کی بحالی کو لے کر ہوئے ایران ریاض معاہدے پر علی شمخانی کو مبارکباد پیش کی اور تہران کے ساتھ علاقائی سطح پر ہمہ جہتی تعاون کے لئے نئی دہلی کی جانب سے اظہار آمادگی کیا۔ انہوں نے ایران اور سعودی عرب کو علاقے میں دو اہم اور مؤثر ملک بتایا اور دونوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو علاقائی امن و استحکام کی راہ میں اہم اور فیصلہ کن قرار دیا۔
اس گفتگو میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، پابندیوں کے خاتمے کے لئے جاری مذاکرات، دونوں ممالک کے مابین چابہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے میں تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور شمال جنوب کوریدوڑ کی تکمیل میں ہندوستان کی شرکت جیسے موضوعات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
گفتگو کے اختتام پر علی شمخانی نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کو تہران کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔