ایران نے پاکستانی فوجیوں پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی
پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے نے صوبۂ بلوچستان میں فوجیوں پر ہوئے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کو لگام دینے کے لئے دونوں ممالک کے مشترکہ تعاون پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: گزشتہ روز پاکستان کے فوجی ذرائع نے خبر دی تھی کہ بلوچستان کے ایک سرحدی علاقے میں پاکستانی فوجیوں کے ایک قافلے پر دہشتگردانہ حملہ ہوا جس میں چار فوجی جاں بحق ہو گئے تھے۔
اسی تناظر میں اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانے نے ایک بیان جاری کر کے مذکورہ دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی۔ بیان میں آیا ہے کہ پاکستان میں ایران کا سفارتخانہ کیچ کے علاقے میں پاکستانی فوجیوں پر ہوئے دہشتگردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہے اور شہیدوں کے لئے مغفرت کا طالب ہے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ دہشتگردی دونوں ممالک کا مشترکہ درد ہے اور دونوں ممالک ایران و پاکستان کی مسلمان اقوام نے طاعونی بیماری دہشتگردی سے مقابلے کی راہ میں اپنی قیمتی جانیں گنوائی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بلا شبہہ ایران و پاکستان کا مشترکہ تعاون دہشتگرد ٹولوں کو ان کے اہداف کے حصول میں ناکام بنا دے گا۔