سپاہ پاسداران کا صیہونی حکومت کو انتباہ، جواب کا انتظار کرو!
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ناجائز صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ بلا شک اس کے مجرمانہ اقدامات کا وہ جواب دے گی اور اس ناجائز حکومت کو اپنے جرائم کی قیمت ہر حال میں چکانی ہوگی۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی فورس نے اتوار کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں فوجی مشیروں کی حیثیت سے شام میں سرگرم اپنے دو فوجیوں کی صیہونی ٹولے کے ایک حملے میں شہادت پر تعزیت پیش کی گئی ہے۔ بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ صیہونی حکومت کو اپنے اس مجرمانہ اقدام کی قیمت چکانا پڑے گی اور اس کے اس مجرمانہ اقدام کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
ناجائز صیہونی ٹولے کے جنگی طیاروں نے جمعے کی صبح شام کے دارالحکومت دمشق کے ایک مضافاتی علاقے پر بمباری کی تھی جس میں فوجی مشیر کے بطور وہاں سرگرم عمل سپاہ پاسداران کے دو فوجی کیپٹن مقداد مہقانی جعفرآبادی اور میجر میلاد حیدری شہید ہو گئے تھے۔
شامی ذرائع کے مطابق صیہونی طیاروں نے یہ حملہ الدیماس علاقے پر کیا جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔