عالمی یوم القدس کے موقع پر حریت پسند قومیں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم سے بیزاری کا اظہار کریں گی، صدر مملکت
ایران کے صدر نے کہا ہے کہ دنیا کی تمام آزاد قومیں عالمی یوم القدس کے موقع پر جلوسوں او ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے غاصب صیہونی حکومت کے جرائم سے ایک ساتھ اور ایک آواز میں نفرت و بیزاری کا اظہار کریں گی جبکہ اس سال کا عالمی یوم القدس اور زیادہ پرشکوہ انداز میں منایا جائے گا۔
سحر نیوز/ ایران: ماہ مبارک رمضان کی تئیس تاریخ مطابق چودہ اپریل کو عالمی یوم القدس منایا جائے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطین کی مظلوم قوم کے دفاع اور اس قوم کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم بند کرانے کے لئے عالم اسلام میں یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انھوں نے غاصب صیہونیوں اور صیہونی حکومت میں جاری انتشار اور اس غاصب حکومت کے زوال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نئی عالمی صورت حال کو تحریک مزاحمت کے حق میں قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ دنیا کی تمام آزاد قومیں عالمی یوم القدس کے موقع پر جلوسوں او ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے غاصب صیہونی حکومت کے جرائم سے ایک ساتھ اور ایک آواز میں بیزاری کا اظہار کریں گی۔
فلسطینی عوام کے صیہونیت مخالف محاذ کے سیکریٹری جنرل نے بھی فلسطین کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی بھرپور حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس سال کا عالمی یوم القدس ماضی سے بالکل الگ ہو گا۔
العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی عوامی جدوجہد محاذ کے سیکریٹری جنرل خالد عبد المجید نے اعلان کیا ہے کہ مزاحمتی گروہ اس بات کو جانتے ہیں کہ ایران کی یہ مدد اور حمایت فلسطینی عوام کے لئے ایران کی وسیع تر حمایت کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہے ۔
انھوں نے عالمی یوم القدس کے بارے میں کہا کہ فلسطینیوں کی دسیوں بٹالین دمشق کے قریب یرموک کیمپ میں فوجی مشقیں انجام دیں گی جبکہ ان فوجی مشقوں کی تقریب میں اہم فلسطینی و عرب شخصیات شریک ہوں گی۔
فلسطین کے اس رہنما نے کہا کہ عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں وسیع عوامی شرکت سے پوری دنیا کو اس بات کا پیغام دینا چاہتے ہیں کہ فلسطینی قوم یرموک کیمپ سے فلسطینیوں کی وطن واپسی کے حق کی پابند ہے اور فلسطینیوں کا یہ کیمپ فلسطینیوں کی استقامت و مزاحت کا ایک نمونہ ہے۔
عبد المجید نے کہا کہ اس عالمی دن کے موقع پر تحریک مزاحمت کے تمام گروہوں میں یکجہتی کی تاکید کی جائے گی ۔
انتفاضہ کمیٹی کے چیئرمین رمضان شریف نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس سال کی عالمی یوم المقدس کی ریلیوں میں فلسطین، عالم اسلام میں اتحاد و یکجہتی کا مرکز اور بیت المقدس کی عنقریب آزادی جیسے اہم ترین نعرے لگائے جائیں گے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے بھی دنیا کے تمام مسلمانوں سے عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے دفاع میں فلسطینی اور علاقے کے عوام کی جدوجہد کے ایک حصے کے طور پر اس دن کی ریلیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح نے اپنی عالمی بصیرت اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران میں اسلامی انقلاب کامیاب ہونے کے بعد رمضان المبارک کے جمعت الوداع کو عالمی یوم قدس کے طور پر منائے جانے کا اعلان کیا اور فرمایا کہ اس دن دنیا کی تمام مسلمان قومیں اپنے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی قوم سے اپنی ہمدردی و حمایت اور اس کے دفاع میں تیار رہنے کا اعلان کریں اور پوری دنیا پر واضح کریں کہ وہ ظلم کے خلاف برسرپیکر ہیں۔