Apr ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • ایرانی وفد سعودی عرب روانہ، سفارتخانہ اور قونصل خانہ بہت جلد کھل جائے گا

سفارتخانے اور قونصل خانے کو بحال کرنے کے لئے وزارت خارجہ کا ایک وفد سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں ہونے والی سمجھوتے کے تحت ایران کا یہ فنی وفد آج ریاض پہنچ گیا جہاں سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ ایرانی وفد دو گروہوں پر مشتمل ہے جو ریاض میں ایران کے سفارتخانے اور جدہ میں قونصل خانے اور اسلامی تعاون تنظیم میں ایران کے مستقل دفتر کو بحال کرنے کے لئے ضروری ٹیکنیکل اقدامات انجام دے گا۔
ناصر کنعانی کے مطابق، رواں سال کے حج سے قبل سعودی عرب میں ایران کے نمائندہ دفاتر کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی وزارت خارجہ کا وفد بھی ہفتے کے روز تہران پہنچا تھا ۔ یہ وفد سعودی قونصل خانے کے افتتاح کے لئے جمعرات کو مشہد روانہ ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ تہران اور ریاض نے سات سال بعد سفارتی تعلقات بحال کرنے اور حالات معمول پر لانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں چین، عمان اور عراق نے ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔
اس سمجھوتے کے تحت، گذشتہ جمعرات یعنی چھے اپریل سن دو ہزار تئیس کو وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بیجنگ میں اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات اور گفتگو کی۔

ٹیگس