ایران و پاکستان کے رہنماؤں کی گفتگو، فلسطین سمیت مختلف موضوعات پر ہوا تبادلۂ خیال
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں مسئلۂ فلسطین اور باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔
سحر نیوز/ایران: ایوان صدر کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کے روز پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں دونوں رہنماؤں نے فلسطین اور بیت المقدس کی موجودہ صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا۔
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ٹیلیفون پر گفتگو میں فلسطین کی حالیہ صورت حال اور بیت المقدس کی صیہونی حکومت کے ہاتھوں ہتک حرمت پر اپنی گہری تشویش ظاہر کی اور صیہونیوں کے بہیمانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے مقصد سے اسلامی ممالک کی جانب سے متحدہ محاذ کی تشکیل پر زور دیا۔
اس گفتگو میں صدر ایران نے دونوں ممالک کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مختلف بالخصوص اقتصاد اور انرجی کے شعبوں میں پہلے سے زیادہ فروغ پائیں گے۔
سید ابراہیم رئیسی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کا فروغ اور مختلف شعبوں میں ان کے ساتھ مشترکہ تعاون انکی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اس گفتگو میں وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بھی ناجائز صیہونی حکومت کے حالیہ اقدامات کی مذمت کی اور اپنے ملک کو مظلوم فلسطینی قوم کا دائمی مدافع قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی ایک متحدہ محاذ تشکیل دے کر صیہونی جرائم کو لگام دینے کی زمین ہموار کرے گی۔
ساتھ ہی انہوں نے اسلام آباد تہران تعلقات کے مزید فروغ میں بھی اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو خطے کا ایک اہم ملک قرار دیا۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجاری منصوبوں کا جائزہ لینے اور انہیں پایۂ تکمیل تک پہنچانے پر بھی زور دیا۔