Apr ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان تجارت، تاریخ کی بلند ترین سطح پر

ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی لین دین اب تک اونچی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اقتصادی امور کے پاکستانی وزیر سردار ایاز صادق سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم دو ارب ڈالر کی حد پار کرگیا ہے۔ 
سید محمد علی حسینی نے بتایا کہ ایران اس وقت سرحدی منڈیوں اور دیگر پاکستانی منصوبوں کے لیے بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہا ہے جو بہت جلد مکمل ہوجائیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت ایک سو چوالیس میگا واٹ بجلی پاکستان کو فراہم کر رہا ہے اور نئی لائنوں کی تکیمل کے بعد اس میں دوگنا اضافہ ہوجائے گا۔ 
ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ تہران ، اسلام آباد کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتا ہے۔ 
پاکستان کے وزیر اقتصادیات سردار ایاز صادق نے اسلام آباد تہران تعلقات کے فروغ کے لیے ایرانی سفیر کی کوششوں کی قدردانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بے انتہا اہمیت دیتا ہے۔ 
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا انتہائی اہم پڑوسی اور برادر ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی گنجائشوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ 

ٹیگس