Jun ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran
  • صدر ایران وینیزوئیلا کے بعد نکاراگوا پہنچ گئے

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی وینیزوئیلا کا اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنی دوسری منزل نکاراگوا پہنچ گئے۔

سحر نیوز/ایران: سید ابراہیم رئیسی نے پیر کے روز لاطینی امریکی ممالک کی جانب اپنے پانچ روزہ دورے کا آغاز کیا جس کے تحت پہلے وہ وینیزوئیلا کے دارالحکومت کاراکاس پہنچے تھے جہاں صدر ایران نے اپنے وینیزوئیلائی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات اور گفتگو کی اور پھر دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان مذاکرات اور گفتگو کے بعد فریقین نے مختلف شعبوں میں تعاون کے انیس دستاویزات پر دستخط کئے۔

سید ابراہیم رئیسی کی موجودگی میں ایران کی دو آٹوموبائلز کمپنیوں کی پروڈکشن لائن کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اسکے علاوہ انہوں نے وینیزوئیلا کے نوجوانوں اور ممتاز طلبا سے بھی خطاب کیا۔ اسکے بعد منگل اور بدھ کی شب صدر ایران نے کاراکاس سے  نکاراگوا  کے دارالحکومت ماناگوآ کا رخ کیا۔

نیکاراگوآ کے صدر ڈینیئل اورٹیگا نے اپنے ایرانی ہم منصب کا دارالحکومت کے آزادی اسکوئر پر باضابطہ طور پر پر تپاک استقبال کیا جس کے بعد دونوں سربراہوں کی ملاقات اور انکے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان مذاکرات اور گفتگو کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

 
صدر ایران نکاراگوا میں اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد کیوبا کا دورہ کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ عالمی سامراج اور تسلط پسند طاقتوں کے مقابلے میں مزاحمت و استقامت کے مشترکہ جذبے نے ایران اور لاطینی امریکی ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لاکھڑا کیا ہے اور یہ ممالک اب ایران کے اسٹریٹیجک اتحادی اور دوست ممالک کے بطور پہچانے جاتے ہیں۔ لاطینی امریکہ میں بڑھتے ایران کے اثر و رسوخ کو لے کر امریکہ اور اسکے اتحادی سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔

ٹیگس