مشترکہ پولیس تعاون میں اضافے کے لیے ایران اور پاکستان کا اتفاق
ایران کے پولیس چیف نے کہا ہے کہ ایرانی پولیس تربیت، تجربات کے تبادلے اور سائبر شعبے میں پاکستان کی پولیس کے ساتھ مشترکہ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
سحر نیوز/ ایران: پاکستان کے وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی، انسداد منشیات فورس کے کمانڈر جنرل عتیق الرحمن ملک اور پاکستانی وفد کے ارکان نے ایران کے پولیس چیف جنرل احمد رضا رادان اور پولیس کے کئی اعلی حکام سے تہران میں پولیس ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی ۔ ایران کے پولیس چیف جنرل احمد رضا رادان نے پاکستان کے انسداد منشیات کے وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی سے ملاقات میں کہا کہ دو طرفہ تعاون اور بات چیت کے شعبوں میں اچھے معاہدے ہوئے ہیں اور ہم نے تربیت، تجربات کے تبادلے اور سائبر شعبے میں تعاون کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس ملاقات میں طے پایا ہے کہ انسداد منشیات، منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے اور سرحدوں کی حفاظت کے سلسلے میں مشترکہ کارروائیاں کی جائیں گی۔
ایران کے پولیس چیف نے مزید کہا کہ طویل مشترکہ سرحد اور دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں مشترکہ کارروائیاں انجام دینے سے باہمی تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور ایران کی پولیس اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان کے ساتھ علاقائی اور علاقے سے باہر تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان کے انسداد منشیات کے وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی نے بھی اس موقع پر منشیات کی اسمگلنگ کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں ایرانی پولیس کے ساتھ مشترکہ تعاون کے بارے میں کہا کہ منشیات کے اسمگلر نوجوانوں کو نشانہ بناتے ہیں اور منشیات کا مقابلہ کرنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔