Jun ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۸:۰۳ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

ایران کے صدر اور وزیر خارجہ نے اسلامی ممالک کے سربراہان مملکت اور وزرائے خارجہ کو علیحدہ علیحدہ عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔

سحر نیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں مسلم ممالک کے سربراہان کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس موقع پر ہم مسلمانوں کے بڑھتے ہوئے اتحاد اور سربلندی کا مشاہدہ کریں گے۔

سید ابراہیم رئیسی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اس امید کا اظہار کیا کہ تمام مسلم اقوام دین مبین اسلام کی اعلیٰ تعلیمات کے سائے میں عزت و کمال اور شائستگی کے راستے پر چلتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اسلام کی سربلندی کا باعث بن سکیں گی۔

ایران کے صدر نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ خدا کی عبادت کا خالص ترین مظہر اور اس کے احکام کی طرف توجہ کا نام ہے۔ اس دن حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خدا سے ایثار و قربانی کے علمبردار کا لقب پایا اور امتحان الہی میں سرخرو ہوئے۔

دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بھی عید قربان کی مناسبت سے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کو بھیجے گئے پیغامات میں ایرانی وزیر خارجہ نے مشترکہ اہداف کے حصول اور مختلف شعبوں میں اسلامی معاشروں کی ترقی کے لئے مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔

ٹیگس