ایران کی تجویز پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس
او آئی سی نے ایران کی تجویز پر ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم نے سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قرآن مجید کی توہین کے حوالے سے رکن ممالک کا ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے او آئی سی کے سربراہ کی حیثیت سے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف او آئی سی کی بین الحکومتی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق او آئی سی کا اجلاس ادارے کے جدہ میں واقع ہیڈکوارٹر میں ہوگا جس میں عید الاضحی کے موقع پر سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں قرآن مجید کے بے حرمتی کے شرمناک واقعے کے بارے میں تبادلہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران واقعے پر ردعمل دکھاتے ہوئے مشترکہ موقف اور ضروری اقدامات کے حوالے سے بھی گفتگو کی جائے گی ۔
اجلاس بلانے کا فیصلہ ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کے درمیان ٹیلفونی گفتگو کے بعد کیا گیا جس میں ایرانی وزیرخارجہ نے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی تھی۔
اس سے پہلے صدرمملکت رئیسی نے واقعے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مغربی ممالک میں آزادی اظہار بیان کے نام پر مسلمانوں کے مقدسات کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ قرآن مجید کی توہین ایک آسمانی دین اورالہی اقدار کی توہین ہے جس کو امت مسلمہ ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر عید الاضحی کے دن حکومت کی حمایت سے ایک انتہا پسند نے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کی ۔