Jul ۱۲, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • صدر ایران افریقی ممالک کے دورے پر، کینیا کے صدارتی محل میں باضابطہ استقبال (ویڈیو)

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ افریقی ممالک کے دورے پر نکل گئے ہیں جہاں وہ اپنے پہلے پڑاؤ کینیا پہنچے۔ میزبان ملک کے صدر ویلئیم روٹو نے دارالحکومت نیروبی کے صدارتی محل میں اپنے ایرانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔

سحر نیوز/ایران: کینیا کے صدر ویلئیم روٹو نے صدارتی محل میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا باقاعدہ اور پرجوش استقبال کیا۔ صدر رئیسی اور ایرانی وفد کی صدارتی محل آمد کے موقع پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

استقبالیہ تقریب کے فوراً بعد، دونوں ممالک کے صدور کے درمیان خصوصی گفتگو بھی ہوئی۔

ملاقات کے بعد ایران اور کینیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی اہم دستاویزات پر دونوں ممالک کے حکام دستخط کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق، کینیا اور ایران کے دو طرفہ مذاکرات کے تسلسل میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کی ملاقاتیں ہوئیں۔

صدر ایران اس سفر کے دوران تین افریقی ممالک کینیا، یوگینڈا اور زمبابوے کے دورے پر گزشتہ شب روانہ ہوئے۔ یہ دورہ مذکورہ تین ممالک کی باضابطہ دعوت پر انجام پا رہا ہے جس میں وزیر خارجہ، وزیر صحت اور سائنس و ٹکنالوجی کے معاونین اور بعض دیگر وزارتوں کے اعلیٰ عہدے دار صدر ایران کی ہمراہی کر رہےہیں۔

روانگی سے قبل سید ابراہیم رئیسی نے تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیاب کے بعد سے مختلف شعبوں میں افریقی ممالک کے ساتھ ایران کے اچھے تعلقات رہے ہیں مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بعض ممالک کے ساتھ تعلقات میں کچھ وقفہ آیا۔

انہوں نے کہا کہ افریقہ میں موجود صلاحیتوں اور قدرتی و معدنی ذخائر کے ہوتے ہوئے ایران کے ساتھ بہت سی گنجائشوں کا تبادلہ کیا جا سکتا ہے۔

مزید تفصیلات کا انتظار کیجیئے۔

ٹیگس