اربعین ملین مارچ میں شامل ہونے کے لئے ایران کے راستے عراق جانے کا پاکستانی زائرین کا سلسلہ جاری
بڑی تعداد میں پاکستانی زائرین اربعین ملین مارچ میں شامل ہونے کے لئے ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحدوں سے عراق جا رہے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحدی گزرگاہوں میرجاوہ اور ریمدان سے روزانہ ہزاروں پاکستانی زائر ایران میں داخل ہو کر عراق کی سرحد کی جانب جا رہے ہیں۔ اب تک کا سب سے بڑا قافلہ سو بسوں کی شکل میں میرجاوہ بارڈر پہنچ کر ایران میں داخل ہوا ہے جہاں ان کا بھرپور انداز میں استقبال کیا گیا۔
زائرین امام حسین علیہ السلام کی سہولت کے لئے ایران کی سرحد میں متعدد موکب، آرام کرنے کی جگہیں حتی کہ فیلڈ ہسپتال قائم کئے گئے ہیں جہاں چوبیس گھنٹے انہیں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاکستانی زائرین کی سہولت کے لئے ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان کی شلمچہ سرحدی گزرگاہ کو مخصوص کردیا گیا ہے جہاں سے وہ عراق میں داخل ہو کر کربلا کی جانب اربعین ملین مارچ میں شامل ہوسکتے ہیں۔