اپنے اثاثوں تک رسائي اور ملک کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ان کا استعمال فطری حق، صدر مملکت ابراہیم رئیسی
صدر مملکت سید ابراہیم رئيسی نے نیویارک میں ایک بین الاقوامی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اپنے اثاثوں تک رسائي اور ملک کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ان کا استعمال اسلامی جمہوریہ ایران کا فطری حق ہے اور ایران کے منجمد اثاثوں سے پابندی اس سے بہت پہلے ہٹ جانی چاہیے تھی۔
سحر نیوز/ ایران: صدر مملکت نے امریکا کے وقت کے مطابق بدھ کی رات نیویارک میں امریکا اور دیگر ملکوں کے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ اپنی اختتامی پریس کانفرنس میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: قیدیوں کے تبادلے میں قطر کے تعمیری رول پر اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امید ہے کہ امریکہ اور یورپ ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے وعدوں پر عمل کريں گے اور ایران پر عائد غیر منصفانہ پابندیاں ختم کر دیں گے ۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں امریکہ اور یورپ کو نیک نیتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ صدر ایران نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی مذاکرات کی میز کو ترک نہیں کیا ۔ صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے دوسرے فریقوں نے غلط اندازے لگاتے ہوئے، بلووں سے امید باندھ لی لیکن ایرانی قوم نے مغربی ملکوں کے اندازوں کو غلط ثابت کر دیا اور بلووں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا: اگر امریکہ وعدوں کی پابندی کرے تو اچھا معاہدہ ہو سکتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے علاقائی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: علاقائي ملکوں کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے ہیں اور اب سعودی عرب کے ساتھ بھی تعلقات بحال ہو گئے ہیں اور ہم تعلقات میں توسیع کا عزم رکھتے ہيں۔ صدر مملکت نے مزاحمتی تنظیموں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: علاقے میں مزاحمتی تنظيمیں، اپنے اپنے ملکوں کے تحفظ کے لئے تشکیل پائی ہیں ۔ انھوں نے کہا لبنان میں حزب اللہ نے اب تک اپنے ملک کے تحفظ میں تعمیری کردار ادا کیا ہے اور الحشد الشعبی، عراقی فوج کے ساتھ مل کر عراق کی حفاظت کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے ہر دل عزیز شہید جنرل قاسم سلیمانی کے بزدلانہ قتل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: جس نے یہ قتل کیا ہے اور جس نے اس کا حکم دیا ہے اسے معاف نہيں کیا جا سکتا اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قاتلوں کے معاملے کو نظر انداز کرنا انسانیت کے ساتھ غداری اور ریاستی دہشت گردی کو بڑھاوا دینا ہے۔ صدر ایران نے کہ کہا: شہید جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے والے اور اس کا حکم دینے والوں کو ایک منصفانہ عدالت میں کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔