Sep ۲۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف پابندیوں کو ختم کرنے کیلئے جاپان بھی میدان میں آ گیا

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ سمیت چھے ملکوں کے ایٹمی معاہدے کو بحال کئے جانے کی جاپان کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹوکیو نے امریکہ سمیت چھے ملکوں کے ایٹمی معاہدے کو دوبارہ بحال کئے جانے کے لئے تجویز پیش کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے جاپان کی اس تجویز کی تفصیلات کا ذکر نہيں کیا تاہم انہوں نے کہا کہ رواں سال موسم گرما میں جاپان کے دورے میں انہيں اس تجویز کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے ہر اس تجویز کا خیر مقدم کریں گے جو ایران  کے مفادات کے مطابق ہو۔ انہوں نے واضح کیا: ہم ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے جاپان کے تعمیری  کردار کی حمایت کرتے ہيں۔

جاپان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے ایران کے وزیر خارجہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں طمع پر مبنی رویہ اس سلسلے میں مذاکرات میں تاخیر کا باعث بنا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں ان ملکوں کے غیر سنجیدہ رویوں اور ایران کے داخلی امور میں ان کی بے جا مداخلتوں کو ایٹمی مذاکرات میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔

ٹیگس