دہشت گرد گروہوں کے غیر ملکی حامی شام میں رونما ہونے والے المناک واقعہ کا ذمہ دار ہیں: ایران
ایران نے شام کے صوبے حمص میں فوجی اکیڈمی پر دہشت گردانہ حملے میں سو کے قریب افراد جاں بحق ہوگئے۔
سحرنیوز/ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللهیان نے شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں اس دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ، حکومت شام اور شامی عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بھی شام کے صوبہ حمص میں شامی فوج کے افسروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے شام کی حکومت، فوج، عوام، جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ اور پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گرد گروہوں کے غیر ملکی حامیوں کو اس المناک واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے بین الاقوامی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں نے جمعرات کو مغربی شام کے صوبے حمص میں ایک فوجی اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب پر ڈرون طیارے کے ذریعے حملہ کیا جس کے نتیجے میں سو کے قریب افراد جاں بحق اور دوسو سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔