Oct ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • آج سیاسی راہ حل کا موقع ہے، کل بہت دیر ہوجائے گی: ایرانی وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے مغربی ایشیا کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے ساتھ ملاقات کے دوران مذکورہ بات کہی۔

سحرنیوز/ ایران: مغربی ایشیا کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ٹور وینیسلینڈ Tor Wennesland نے آج ہفتے کے روز لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایرانی سفارت خانے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال اور غزہ کے عوام کے لئے امداد رسانی کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ استقامتی محاذ نے جو کچھ کیا ہے وہ غاصب اسرائیل کے انتہا پسند وزیر اعظم بن یامن نیتن یاہو کی انتہاپسندی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کہتا ہے کہ تحمل سے کام لیں لیکن خود غاصب حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کا ادارہ کچھ کرنا چاہتا ہے تو اس کو خاص طور سے عام شہریوں کے خلاف غاصب اسرائیلی فوجیوں کے حملے رکوانے کے لئے فورا اقدام کرنا چاہئے کیونکہ آج موقع ہے، کل بہت دیر ہوجائے گی۔

بیروت میں ہونے والی اس ملاقات میں مغربی ایشیا کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ٹور وینیسلینڈ نے غزہ پٹی کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کی اموات میں اضافہ بہت تشویشناک ہے اور جنگ کو ختم یا اس کی وسعت میں کمی کی کوشش کرنا ضروری ہے تاکہ انسان دوستانہ امداد رسانی کے لئے کچھ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جمعہ کے روز اپنے علاقائی ممالک کے دورے میں لبنان سے شام پہنچے تھے اور وہاں چند گھنٹے قیام کے دوران شام کے صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد وہ دوبارہ لبنان پہنچے اور آج بیروت میں ٹور وینیسلینڈ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد ایرانی وزیر خارجہ بیروت سے دوحہ کے لئے روانہ ہوگئے۔

 

ٹیگس