Oct ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۹ Asia/Tehran
  • امریکی اڈوں سے مقبوضہ فلسطین میں جںگی وسائل کی منتقلی پرایران کا انتباہ

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے روس اور قطر کے وزرائے دفاع سے گفتگو میں امریکی اڈوں سے مقبوضہ فلسطین میں جںگی وسائل کی منتقلی اور مظلوم فلسطینی عوام کا روکنے کے لئے فوری اقدام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے روس کے وزير دفاع جنرل سرگئی شائگو سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ ہمیں غزہ میں غیر فوجیوں کا قتل عام جاری رہنے پر گہری تشویش ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس صورتحال کا جاری رہنا ہرگز قابل برداشت نہیں ہے اور دنیا کی حکومتوں کو اس پر سنجیدہ ردعمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

جنرل باقری نے کہا کہ صیہونیوں کے جرائم کا جاری رہنا اور بعض ملکوں کی طرف سے اس کی براہ راست حمایت اور مدد، حالات کو پیچیدہ بنارہی ہے، ان حالات میں دوسرے فریق بھی میدان میں آسکتے ہیں۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے اسی طرح قطر کے وزیر دفاع خالد بن محمد العطیہ کے ساتھ بھی فلسطین کے بارے میں ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا، انھوں نے کہا کہ صیہونیوں کے جرائم پرکسی بھی مسلمان کے لئے خاموشی جائز نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ صیہونیوں کےجرائم کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں استقامتی گروہوں کا کوئی بھی ردعمل آسکتا ہے۔

جنرل باقری نے مظلوم فلسطینی عوام پر وحشیانہ حملوں میں امریکا کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے ملکوں کو امریکی اڈوں سے مقبوضہ فلسطین کے لئے اسلحے منتقل کرنے کی اجازت نہیں دینا چاہئے۔

ٹیگس