Nov ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • امریکی ہتھیاروں اور جنگی وسائل سے 10 ہزار فلسطینی عوام کا قتل عام

ایران کے صدر نے ناروے کے وزیراعظم سے ٹیلی فونی گفتگو میں حماس سے جنگ کو جمہوریت سے جنگ اور دس ہزار فلسطینی عوام کے قتل عام کو صیہونی حکومت کے لئے امریکی اسلحے اور جنگی وسائل کی ترسیل کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے سنیچر کی رات ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر اسٹور سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ غزہ میں دس ہزار فلسطینی عوام کا قتل عام انسانیت کے خلاف جرم اور نسل کشی ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیق کے لئے ناروے کی وزارت انصاف کے اعلان آمادگی کا خیر مقدم کیا اور اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے بھر پور تعاون کا اعلان کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ حماس غزہ کی منتخب اور قانونی حکومت ہے اور اس سے جنگ جمہوریت اور ڈیموکریسی سے جنگ ہے۔

صدر ایران نے چار ہزار معصوم بچوں سمیت دس ہزار فلسطینی عوام کے قتل عام کو امریکا کی جانب سے صیہونی حکومت کو وسیع پیمانے پر اسلحے اور جنگی وسائل دیئے جانے کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ غزہ میں ہر دس منٹ میں ایک فلسطینی بچہ قتل ہورہا ہے ، یہ انسانیت کے خلاف ہولناک جرم اور نسل کشی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے ڈیموکریٹک اور منصفانہ فارمولا پیش کیا ہے کہ ہر فلسطینی ایک ووٹ کی بنیاد پر ریفرنڈم کرایا جائے۔

ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر اسٹور نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ ناروے اس علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اہم اور موثر کردار سے واقف ہےانھوں نے جنگ اور تشدد فوری طور پر بند ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور ناروے ، سفارتی راستوں سے ، جنگ فوری طور پر بند کرانے ،محاصرہ ختم کرانے اور غزہ کے عوام تک امداد رسانی میں تعاون کرسکتے ہیں ۔

ٹیگس