فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ کی گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ نے فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر ٹیلی فونی گفتگو کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مصر کے وزیرخارجہ سامح شکری سے ہونے والی اس گفتگو میں دو اہم اسلامی ملک ہونے کی حیثیت سے ایران اور مصر کی پوزیشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، فلسطین میں جاری بحران کے خاتمے اورغزہ اورغرب اردن کےعام شہریوں کےخلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے بند کئے جانے کے بارے میں دونوں ملکوں کے درمیان تبادلۂ خیال کا سلسلہ جاری رہنے کو اہم بتایا –
انہوں نے ریاض میں اسلامی ملکوں کے آئندہ دنوں میں ہونے والے اجلاس کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے تہران اور قاہرہ کے مشترکہ مشورے جاری رہنے پر اپنی آمادگی کا اظہار کیا-
امیرعبداللہیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی، مصر کے راستے سے غزہ کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کے لئے آمادہ ہے۔
مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کے باشندوں تک بین الاقوامی انسانی امداد پہنچانے کے لیے مصر کے اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے اس سلسلے میں عرب اور اسلامی ممالک اور اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف اور کوششوں کو سراہا۔
سامح شکری نے جنگ کو روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کے قیام اور غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد بھیجنے میں مدد کے لیے دو طرفہ اور کثیرالجہتی مشاورت کے جاری رہنے پربھی زور دیا۔