ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کو روکنے کی کوششوں اور سفارتی اقدامات کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال اور غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری صیہونی فوج کے جارحانہ حملوں کےبارے میں گفتگو کی ہے-
اس ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کی تعمیر نو سے متلعق قطری کمیٹی کے دفتر پر بمباری کے مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی -ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے اسی طرح غزہ میں جاری نسل کشی اور غزہ میں رونما ہونے والے انسانی المیے کی صورت حال کا جائزہ لیا اور اس علاقے میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری جنگی جرائم فوری بند کرائے جانے اور فلسطین کے بے گھر لوگوں کے لئے انسانی امداد کی فوری ترسیل پر زور دیا۔
واضح رہے کہ غزہ کے نہتھے اور مظلوم عوام کے خلاف سات اکتوبر سے جاری، غاصب اسرائیلی فوج کے حملوں میں اب تک ساڑھے گیارہ ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں کہ جن میں پانچ ہزار ایک سو پانچ بچے اور اور تین ہزار ایک سو تیس خواتین شامل ہیں-