Dec ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے ایران کی اہم تجویز

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے مختلف براعظموں کے ہم خیال ممالک کی شرکت سے ایک اتحاد تشکیل دیا جانا چاہیے تاکہ لوگوں کے مسلمہ حقوق کی حمایت ہوسکے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی نے تہران کے سعد آباد کمپلیکس میں کیوبا کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ممالک ایک ہی نظریئے کے حامل ہیں کہ مختلف براعظموں اور ممالک کے درمیان ایک اتحاد قائم کیا جائے تاکہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کی جاسکےاور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کی جائے۔

صدر مملکت نے کیوبا کے صدر میگل دیاز کانل کے دورۂ ایران کو دونوں ممالک اور دونوں ممالک کی قوموں کے تعلقات کے فروغ میں ایک اہم موڑ قرار دیا اور کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایران اور کیوبا کے درمیان بہت اچھا باہمی تعاون رہا ہے اور یہ تعاون مزید فروغ پا رہا ہے۔

صدرسید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ وہ پابندیاں لگا کر ہمارے ملکوں کو ترقی سے روک سکتا ہے لیکن یہ تسلط پسند نظام کی غفلت ہے۔

قبل ازیں اسلامی جمہوریہ ایران اور کیوبا کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی، صحت، زراعت، توانائی، کان کنی، مواصلات اور طب کے مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں اور تعاون کی دستاویزات پر دونوں ممالک کے حکام نے دستخط کئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور کیوبا کے درمیان تعاون کی دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں سید ابراہیم رئیسی اور میگل دیاز کانل نے اسٹریٹیجک اور دوطرفہ تعلقات کی تقویت کے مشترکہ بیان پر دستخط کئے۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے آج پیر کی صبح سعد آباد کے ثقافتی تاریخی کمپلیکس میں کیوبا کے صدر جمہوریہ میگل دیاز کانل کا باضابطہ استقبال کیا۔

ٹیگس