Dec ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر زور

ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے جنیوا میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے اس کو ضروری قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جنیوا میں عالمی پناہ گزینان فورم کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دلچسپی کے دو طرفہ مسائل کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران حسین امیر عبداللہیان نے ایران اور سعودی عرب کو خطے کے دو انتہائی اہم اور بااثر ممالک قرار دیا اور سیاسی تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

امیر عبداللہیان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بتدریج پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطین کے تازہ حالات اور غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور نسل کشی کے تسلسل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اس ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات میں مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور ریاض دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں فروغ کا خیرمقدم کرتا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کی تازہ صورت حال کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ایران اور سعودی عرب فلسطینی قوم کی حمایت اور فوری جنگ بندی کے قیام نیز فوری انسانی امداد بھیجنے کے سلسلے میں مشترکہ نقطہ نظر رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں کوششیں جاری رکھیں گے۔

 

ٹیگس