رہبر انقلاب اسلامی: مزاحمتی محاذ کو حیات نو، شہید سلیمانی کا سب سے اہم کارنامہ
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سے ملاقات میں فرمایا کہ اس شہید والا مقام کا سب سے اہم کارنامہ اور خدمت، علاقے میں استقامتی محاذ کو حیات نو عطا کرنا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اتوار کی شام شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سے ملاقات میں، اس شہید کے نام، یاد اور خصوصیات کے پہلے سے زیادہ فروغ کو شہید قاسم سلیمانی کے اخلاص کا نتیجہ قرار دیا اور فرمایا کہ اس شہید والا مقام کا سب سے اہم کارنامہ اور خدمت، علاقے میں استقامتی محاذ کو حیات نو عطا کرنا ہے۔
آپ نے جنرل شہید قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تین مہینے سے جاری غزہ کی استقامت، مزاحتمی محاذ کے وجود کی وجہ سے ہے، فرمایا کہ شہید سلیمانی نے مزاحتمی محاذ کے احیا کے لیے بہت جدوجہد کی اور اس کام کو پورے خلوص و تدبیر، لگن، عقل اور اخلاق سے آگے بڑھایا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاآنی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ استقامتی محاذ کو مضبوط بنانے کا کام بدستور جاری رہنا چاہیے۔
اس ملاقات میں، جس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور قدس بریگیڈ کے کمانڈر بھی موجود تھے، شہید قاسم سلیمانی کی بیٹی محترمہ زینب سلیمانی نے شہید قاسم سلیمانی کے جذبات، عادات و خصوصیات کو نوجوان نسل تک پہنچانے کے لیے ثقافت اور فن و ہنر کے شعبوں میں انجام شدہ اور جاری اقدامات کے بارے میں ایک مختصر رپورٹ پیش کی۔