امریکی جارحیت سے علاقے میں جنگ کی آگ مزید بھڑکے گی: اسلامی تبلیغات کونسل
اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل نے یمن کے خلاف امریکہ اور برطانیہ کی حماقت کو علاقے میں بدامنی و عدم استحکام بڑھنے کا باعث قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے خلاف امریکہ اور برطانیہ کی جارحیت، یمن کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت نیز بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور اسی طرح غزہ میں صیہونی جلاد کے جرائم کی حمایت کی غماز ہے۔ اس کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلا شبہ اس قسم کی جارحیت سے علاقے میں جنگ کی آگ مزید بھڑکے گی اور بدامنی و عدم استحکام پیدا ہو گا جبکہ اس قسم کی جارحیت سے امریکہ و برطانیہ اور اسی طرح غاصب صیہونی حکومت کے خلاف نہ صرف نفرت بڑھے گی بلکہ انھیں اور زیادہ ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس کونسل نے،اس طرح کے حملوں سے علاقائی و عالمی سلامتی پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے سلسلے میں خبردار کرتے ہوئے اس سلسلے میں عالمی اداروں کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
اس بیان میں اسی طرح اعلان کیا گیا کہ ایرانی عوام نے آج نماز جمعہ کے اجتماعات میں امریکہ و برطانیہ کے شرمناک جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کی اور غاصب صیہونی حکومت کے حامیوں سے نفرت و بیزاری کا اظہار کیا اور دہشت گرد امریکہ کی سرکردگی میں عالمی منھ زوروں کے مقابلے میں یمن کی جرآتمند و بہادر عوامی تحریک انصاراللہ کے لئے اپنی حمایت پر تاکید کی۔