صدر رئیسی کی جانب سےصیہونی دہشت گردی کی مذمت
Jan ۲۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۷ Asia/Tehran
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت غزہ میں ناکام ہوچکی ہے اور اس حقیقت سے توجہ ہٹانے کے لئے قاتلانہ حملے کر رہے ہیں جس میں انہیں یقینی طور پر کامیابی نہیں مل سکے گی۔
سحرنیوز/ایران: کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت سیدابراہیم رئیسی نے شام میں صیہونیوں کے ہاتھوں ایران کے 5 فوجی ایڈوائزروں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گھناؤنے، مجرمانہ اور دہشت گردانہ اقدامات سے صیہونیوں کی بوکھلاہٹ اور پریشانی صاف ظاہر ہوگئی ہے جو غزہ میں ان کے اعلان شدہ مقاصد میں شکست کا نتیجہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ صیہونی حکومت غزہ میں اپنے بہیمانہ جرائم سے علاقے اور دنیا بھر کے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے اس نوعیت کے جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے تاہم یہ یاد رکھ لینا چاہیے کہ انہیں اپنے اس مقصد میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔