سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعاون میں اضافہ
ایران کے بین الاقوامی سائنس اور ٹیکنالوجی امور کے مرکز کے سربراہ اور تہران میں سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں توسیع، خاص طور سے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں، توسیع و تنوع پر زور دیا۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے بین الاقوامی سائنس اور ٹیکنالوجی امور کے مرکز کے سربراہ امیر حسین میرآبادی اور تہران میں سعودی سفیر عبداللہ بن سعود العنزی نے ایران کے ٹیکنالوجی اور انوویشن ہاؤس کا دورہ کیا اور ایران کی سائنسی اور تکنیکی کامیابیوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
اس موقع پر دونوں شخصیات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی مشارکت کے لیے ترجیحی شعبوں کا تعین کیا جائے اور ٹیکنالوجی کے فروغ اور نالج بیسڈ اقتصادی منصوبوں میں ان ترجیحات کے مطابق مشترکہ پروگراموں پر روشنی ڈالی جانی چاہیے۔
اس موقع پر امیر حسین میرآبادی اور عبداللہ بن سعود العنزی نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے، تعلقات کو سیاسی رابطے تک محدود نہ کرنے، پروگراموں کو آگے بڑھانے میں سمجھوتوں اور معاہدوں پر اکتفا نہ کرنے اور دونوں ممالک کی سائنس و ٹیکنالوجی کی تقریبات میں شرکت پر زور دیا۔
ایران اور سعودی عرب، عراق اور عمان کی میزبانی میں دو سال کے مذاکرات، پھر 10 مارچ 2023 کو بیجنگ میں دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے عہدہ داروں نے کئی دن کی بات چیت کے بعد تہران اور ریاض کے درمیان تعلقات کی بحالی کے معاہدے کی خبر دی تھی۔
ایران اور سعودی عرب نے سنہ 2016 میں سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔