عالم اسلام کی سرکردہ شخصیات غزہ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں: رہبر انقلاب اسلامی
عشرۂ فجر کے موقع پر فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کے ایک گروپ نے آج پیر کے دن تہران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
سحرنیوز/ ایران: عشرہ فجر، ایران کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دس روزہ تقریبات، کے موقع پر فضائیہ کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ غزہ کی صورت حال کے حوالے سے عالم اسلام کے خواص کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عالم اسلام کے خواص کی ذمہ داری ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات توڑنے کے مطالبے کو عوامی مطالبے میں تبدیل کردیں۔
آپ نے فرمایا کہ معاشرے کے خواص طبقے کا اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتنا سنگین نتائج کا حامل ہوتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خواص کی ذمہ داری حقائق کو صاف صاف بیان کرنا اور ذو معنیٰ باتوں سے پرہیز کرنا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ آج علما، دانشوروں، سیاست دانوں اور میڈیا والوں سمیت عالم اسلام کے خواص کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا ایک سنجیدہ میدان، غزہ کا موضوع ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے فرمایا کہ جو بھی یونیورسٹی والوں، اسٹوڈینٹس، سیاست دانوں، علمائے دین، تاجروں، میڈیا والوں، سپاہیوں اور کسی بھی دوسرے طبقے کے درمیان مسائل کے ادراک اور دوست اور دشمن کی محاذ آرائی کی شناخت کے ساتھ کام کرتا ہے، وہ خواص میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ عشرۂ فجر کے موقع پر آج رہبر انقلاب اسلامی سے فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کی ملاقات فروری سنہ 1979 میں اسلامی انقلاب کی کامیابی سے قبل فضائیہ کے جوانوں کی بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ سے بیعت کی یاد دلاتی ہے۔ اسی یادگار دن کی مناسبت سے فضائیہ کے افسروں اور جوانوں نے آج رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔