ایرانی وزیر خارجہ کا دورۂ دوحہ: قطری وزیر اعظم و وزیر خارجہ سے اہم ملاقات
ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے اپنے دورۂ دوحہ کے دوران قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے اہم ملاقات کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اپنا دورہ شام مکمل کرکے پیر کو دوحہ پہنچے۔ دوحہ پہنچنے کے بعد سب سے پہلے انہوں نے قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات اور بحران غزہ کے سلسلے میں تفصیل سے گفتگو کی۔
غزہ میں مستقل جنگ بندی، صیہونیوں کے جارحانہ حملوں اور جرائم کی فوری روک تھام اور ہنگامی طور پر غزہ کے عوام تک امدادی سامان کی رسائی جیسے موضوعات وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان اور قطر کے اعلی عہدے داروں کے درمیان گفتگو کے ایجنڈے میں شامل تھے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اس سے پہلے بیروت اور دمشق میں لبنان اور شام کے وزرائے خارجہ اور دیگر اعلی عہدے داروں سے ملاقات کی تھی۔ اس کے علاوہ ایرانی وزیر خارجہ نے استقامتی محاذ کے سربراہوں سے بھی ملاقات اور بات چیت کی تھی۔
ڈاکٹر امیرعبداللہیان کا یہ علاقائی دورہ فلسطین کے معاملے میں ایران کی متحرک سفارت کاری کے تحت انجام پایا۔