عالم اسلام سرطانی غدے صیہونیزم کی نابودی کا مشاہدہ کرے گا: رہبرانقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ عالم اسلام سرطانی غدے صیہونیزم کی نابودی کا مشاہدہ کرے گا۔
سحر نیوز/ ایران: قرآن کریم کے چالیسویں بین الاقوامی مقابلے کے شرکا اور مہمانوں نے آج تہران میں رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج غزہ میں استقامتی محاذ کے جوان قرآنی تعلیمات پر عمل کررہے ہيں - آپ نے فرمایا کہ آج عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ غزہ کا مسئلہ ہے اور پوری امت اسلامیہ غزہ کے لئے سوگوار و عزادار ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے سوال کیا کہ کیا اسلامی ملکوں کے سربراہان اور اعلی حکام غزہ کے بارے میں قرآنی احکامات اور تعلیمات پر عمل کررہے ہيں؟ انہوں نے فرمایا کہ آج غزہ ميں اور فلسطین کے اندر استقامتی محاذ کے جوان قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کررہے ہيں اور غزہ میں استقامتی محاذ دشمن کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے نیز خدا وند متعال غزہ کے عوام کی مدد کرے گا۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عالم اسلام سرطانی غدے صیہونیزم کی نابودی کا مشاہدہ کرے گا۔
آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے قرآن کریم کو کتاب ہدایت و حکمت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ قرآن کریم کی یہ صفات خود اس کتاب میں بیان ہوئی ہيں۔ آپ نے فرمایا کہ قرآن کریم ذکر اور یاد دہانی کا نام ہے لیکن آج امت اسلامیہ میں بڑے پیمانے پر غفلت دیکھی جارہی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ قرآن کریم کے چالیسويں بین الاقوامی مقابلے میں ایران سمیت دنیا کے چالیس ملکوں منجملہ مصر، سعودی عرب، ہندوستان، پاکستان، امریکا، یورپ، افریقا اور ایشیا کے چالیس سے زائد ملکوں کے قاریوں اور حفاظ قرآن نے شرکت کی۔