جنگ بندی اور ریفرینڈم کا انعقاد مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امن کے قیام کا حل: ایرانی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ریفرینڈم کے انعقاد کو خطے میں قیام امن کی راہ حل قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت پر مبنی غاصب صیہونی حکومت کی کابینہ اور پارلیمنٹ کے حالیہ فیصلے سے اس غاصب حکومت کی غاصبانہ اور جنگ پسندانہ ماہیت ایک بار پھر واضح اور آشکار ہوگئی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور آزادی پسند اور حق کے متلاشی دیگر ممالک نیز اقوام بھی فلسطینی عوام کے مطالبات اوران کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں جنہیں 7 عشروں سے زیادہ عرصے سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔
ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم اور مزاحمت، صیہونیوں کے مذموم اہداف کے تئیں بصیرت اور آگاہی کے ساتھ فلسطین پر قبضے کے بحران کا واحد حل ایک آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل کو قرار دیتے ہیں، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو اور اسی طرح ملت فلسطین کے عزم و ارادے کی تکمیل بھی ہوگی۔