پاکستان میں سب آیت اللہ رئیسی کے دورے کے منتظر ہیں، پاکستانی وزیر خارجہ
ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے جمعہ کو ٹیلی فونی گفتگو کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی نئی پارلیمنٹ جلد از جلد تشکیل پائے گی اور ملک کے وزیراعظم اور کابینہ بھی منتخب ہونے کے بعد اپنا کام جلد از جلد شروع کردیں گے۔
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں اپنے حالیہ دوررۂ پاکستان کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے نیز طے شدہ معاہدوں اورسمجھوتوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس موقع پر ایران میں مجلس خبرگان یا فقہا کی کونسل اور مجلس شورائے اسلامی کے انتخابات کے کامیاب انعقاد کی امید ظاہرکرتے ہوئے پاکستان میں حکومت سازی کے مراحل سے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کو آگاہ کیا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں سبھی، صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کے دورۂ پاکستان کا انتظار کر رہے ہیں۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایران کا اعلیٰ مقام ہے اور اس کا مقام ملک کے اندرونی حالات سے بالاتر ہے۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کی تازہ ترین صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ نے غزہ پٹی اور غرب اردن میں نسل کشی کے خاتمے کی غرض سے اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے سے متعلق ایران کی تجویز کا بھی خیر مقدم کیا۔