Feb ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • عوام اور اسلام پر اعتماد ایران کے استحکام اور ترقی کا سبب: رہبر انقلاب اسلامی

ایران کے جنوب مغربی صوبۂ خوزستان کے 24 ہزار شہدا کے بارے میں منعقدہ کانفرنس کی انتظامیہ کمیٹی کے ارکان نے ہفتے کو تہران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پرفرمایا کہ عوام اور اسلام پر اعتماد ایران کے استحکام اور ترقی کا سبب ہے۔

سحرنیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں مقدس دفاع کے دوران خوزستان کے عوام کی شجاعت اور ان کے معجزے کو عوامی عزم و حوصلے اور اسلامی عقیدے کے امتزاج کا نتیجہ قرار دیا اور 'اسلامی جمہوریہ' لفظ  کے انتخاب میں امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی دور اندیشی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ جو چیز اسلامی نظام  کے استحکام، پیش رفت اور بہت ساری رکاوٹوں اور سازشوں پر اس کے غلبے کا سبب بنی وہ عوام اور اسلام پر اعتماد تھا اور مستقبل میں بھی مشکلات و مسائل پر غلبے کی راہ، اسی سوچ کا جاری رہنا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یوم ولادت کی عظیم عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اسلامی تحریک کے بالکل ابتدائی ایام سے لے کر اسلامی انقلاب کی کامیابی تک اور اس کے بعد بھی ہمیشہ عوام پر بھروسہ کیا اور وہ اسلام کو، سیاست اور معاشرہ کے انتظام و انصرام کے لیے ایک مفید مکتب فکر سمجھتے تھے نیز اسی لیے وہ ایران کی پیش رفت اور بڑے بڑے کام جاری رکھنے کی راہ ہموار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے غزہ کے بارے میں فرمایا کہ مزاحمتی فورسز کی ثابت قدمی اور ان فورسز کی نابودی کی جانب سے دشمن کو مایوس کر دینا اور بمباریوں اور مصائب کے مقابلے میں غزہ کے عوام کا صبر، ان کے مضبوط دینی ایمان کی عکاسی کرتا ہے۔

آپ نے غزہ کے معاملے میں انسانی حقوق کے مغربی تمدن کے دعووں کی پول کھُل جانے اور ان کی ریاکاری اور منافقت طشت از بام ہو جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مغرب والوں نے، جو ایک مجرم کو سزائے موت دیئے جانے پر ہنگامہ کھڑا کر دیتے ہیں، غزہ میں 30 ہزار بے قصور لوگوں کے قتل عام پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور امریکا پوری ڈھٹائی کے ساتھ، غزہ میں بمباری رکوانے کی قرارداد کو لگاتار ویٹو کر رہا ہے۔

 

ٹیگس