دنیا شرمناک ترین اخلاقی اور انسانی بحران کا شکار: ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ نے جنیوا میں اپنے ایک خطاب میں کہا ہے کہ دنیا شرمناک ترین اخلاقی اور انسانی بحران کا شکار ہوچکی ہے۔
سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے پیر کو جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ دنیا شرمناک ترین اخلاقی اور انسانی بحران کا شکار ہوچکی ہے جو گزشتہ 80 سالوں سے جاری فلسطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزی پر بے شرمانہ خاموشی کا نتیجہ ہے۔
حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ غزہ میں گزشتہ 142 دنوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد شہید و زخمی ہوچکے ہیں اور بچ جانے والوں کی زندگیاں بھوک کے سبب خطرے سے دوچار ہیں، اس لئے نسل کشی اور جارحیت کو عام روایت کا حصہ نہ بننے دیا جائے۔
وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مزید کہا کہ آج دنیا امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے صیہونی حکومت کی شرمناک حمایت کا مشاہدہ کر رہی ہے جو در اصل مشترکہ نسل کشی کے زمرے میں آتی ہے، اس لئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو چاہیے کہ اسرائیلی حکومت اور اس کے حامیوں کو ان جرائم کے لیے جوابدہ قرار دے۔
واضح رہے کہ ایران کے وزير خارجہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور تخفیف اسلحہ کانفرنس کے اعلیٰ سطحی سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے کل رات (اتوار کی رات) ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنیوا پہنچے تھے۔