Mar ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے خواتین  کمیشن سے اسرائیل کو نکالے جانے پر زور

خواتین کے امور میں صدر ایران کی معاون انسیہ خزعلی نے اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن سے غاصب صیہونی حکومت کو نکال باہر کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

سحرنیوز/ایران: خواتین اور گھرانے کے امور میں صدر ایران کی معاون انسیہ خزعلی نے، جو اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن کے اڑسٹھویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک کے دورے پر ہیں، نامہ نگاروں سے گفتگو میں ایران کی جانب سے اس اجلاس میں پیش کئے جانے والے مسائل و موضوعات کے بارے میں کہا ہے کہ عام طور سے مختلف ممالک کی جانب سے اس اجلاس میں عورتوں کی صورت حال کے بارے میں رپورٹ پیش کی جاتی ہے اور ہم بھی ایران میں خواتین کی صورت حال کے بارے میں رپورٹ پیش کریں گے۔
انہوں نے اسی طرح عالمی سطح پر خواتین کے حالات اور انہیں درپیش مسائل خاص طور سے غزہ کی صورت حال کو زیر بحث موضوعات کا حصہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ تمام ممالک متحدہ طور پر خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی پر غاصب صیہونی حکومت کی مذمت کریں گے اور اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن سے غاصب صیہونی حکومت کو نکال باہر کئے جانے کے مسئلے کو انجام تک پہنچائیں گے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں نو ہزار سے زائد فلسطینی خواتین کے قتل عام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن سے غاصب صیہونی حکومت کو نکال باہر کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ٹیگس