غزہ کے لئے خوراک اور ادویات کی ترسیل یقینی بنانے کا مطالبہ
ایران کی نائب صدر برائے خواتین اور خاندانی امور انسیہ خزعلی نے خواتین کے مسئلے میں سرگرم بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی خواتین کے لیے غذا اور دوا کی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
سحرنیوز/ایران: خواتین کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی نائب صدر برائے خواتین اور خاندانی امور کا کہنا تھا کہ غزہ کی جنگ کے معاشی اور سیکورٹی اثرات کے پیش نظر خوراک اور ادویات کی ترسیل کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔ خواتین اور خاندانی امور کے لیے اسلامی ایران کی نائب صدر انسیہ خزعلی کا کہنا تھا کہ میں آپ سب کی طرف سے اور میں خواتین کے معاملے میں سرگرم بین الاقوامی اداروں سے اپیل کرتی کہ وہ ان بے سہارا لوگوں تک خوراک اور ادویات تک پہنچانے کے لیے مناسب اقدام کریں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے اثرات کے بارے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں بھی اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ غزہ کی خواتین کو سنگين معاشی صورتحال کا سامنا ہے اور انہیں اس صورتحال سے بچانے کے لیے عالمی اداروں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔