انتہا پسند صیہونی کے بیان پر ایران کی وزارت خارجہ کا ردعمل
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایران کی تقسیم کے بارے میں سابق اعلی صیہونی سیکورٹی عہدیدار کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری یہ آرزو تمہارے ساتھ قبر میں دفن ہو جائے گی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزرات خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق اعلی صیہونی سیکورٹی عہدیدار مردخای نے اپنے ایک شرمناک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے حصے بخرے کر کے چھے ملکوں میں تقسیم کئے جانے کی ضرورت ہے۔
اس سابق صیہونی عہدیدار نے کہا کہ ایران میں قومیت کا مسئلے کی بنیاد پر اس سازش کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ اس صیہونی عہدیدار نے اس سے قبل بھی پڑوسی ملکوں منجملہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو کئی ٹکڑوں میں تقسیم کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ اس قسم کا شرمناک بیان ایران کے سلسلے میں غاصب صیہونیوں کی ناپاک آرزو کو بیان کرتا ہے جو صیہونیوں کے ننگ و عار اور ذلالت و پستی کا ثبوت ہے اور یہ کوئی پہلی بار نہیں ہے کہ صیہونیوں زبان سے اس طرح کے شرمناک الفاظ جاری ہوئے ہیں بلکہ گذشتہ چار سے زائد عشروں کے دوران اس قسم کے بیانات کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران عزت و وقار کے ساتھ اپنی راہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پر صیہونیوں کے زوال پر زور دیتے ہوئے تاکید کی کہ ایران میں تقریبا پینتالیس برسوں کے دوران مختلف اقوام کے لگ بھک ڈھائي لاکھ جیالوں نے اپنے پیارے وطن کی عزت و آزادی کے تحفظ اور ملک کو مزید باوقار بنانے کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے تاکہ سرزمین ایران کو ہر قسط کی گزند سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ گذشتہ چار عشروں سے زائد عرصے میں مجرموں کی جانب سے تمام باطل آرزوؤں کی طرح ایران کی تقسیم کی یہ شرمناک آرزو بھی خاک میں مل جائے گی اور ایسے مجرموں کو جان لینا چاہئے کہ وہ غزہ کے فلسطینی اسقامتی تحریک کے سامنے نہیں ٹک سکے ہیں اور اس استقامتی تحریک کے سامنے ناقابل تلافی شکست کھا چکے ہیں اس لئے ان مجرموں کو چاہئے کہ ایسے گھاؤنے خواب دیکھنا بند کردیں جو کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوں گے۔