Mar ۱۹, ۲۰۲۴ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے صدور نے دوطرفہ تعاون کی توسیع پر زور دیا ہے۔

ایران اور روس کے صدور کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو ہوئی ہے جس میں مختلف اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی توسیع پر زور دیا گیا۔

سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے آج منگل کے روز روسی صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں انہیں روسی فیڈریشن کے ایک بار پھر صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ روس کی نئی حکومت کا آغاز ایران اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعمیری تعلقات اور تعاون میں پہلے سے بھی زیادہ فروغ کا باعث بنے گا۔

صدر ایران نے شنگھائی اور برکس جیسی اہم علاقائی تنظیموں میں اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کی شمولیت نیز رشت آستارا ریلوے لائن کی تعمیر سمیت دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پرعمل درآمد کی کوششوں کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی تقویت کی اساس اور بنیاد قرار دیا۔  

اس ٹیلی فونی گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے غزہ پٹی کے مظلوم عوام کے خلاف جاری نسل کش صیہونی حکومت کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف، خاص طور سے غزہ پٹی اور رفح میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کو روکنے کے لئے ٹھوس اور مؤثر بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

روسی صدر ولادیمیر پوتین نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور نئے شمسی سال 1403 کی آمد کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی اور برکس اور شنگھائی تنظیموں میں اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کی شمولیت کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی تقویت کا ایک سنہری موقع قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نسل کش صیہونی حکومت کے حملوں سے متعلق دونوں ممالک کا موقف یکساں ہے۔

 

ٹیگس